سائنسدانوں نے ہماری کائنات میں ایک ایسے نظام کو دریافت کیا ہے جس میں ایک یا 2 نہیں بلکہ 3 ستارے موجود ہیں۔
ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین نے 3 ستاروں کے اس منفرد نظام کو دریافت کیا۔
اس نظام میں 2 ستارے ایک دوسرے کے گرد چکر لگارہے ہیں جبکہ تیسرا ستارہ اس جوڑے کے گرد گھوم رہا ہے۔
رائل آسٹرونومیکل سوسائٹیز منتھلی نوٹسز میں شائع تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ جہاں تک ہم جانتے ہیں یہ اس طرح کی پہلی دریافت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ 3 ستاروں کے والے متعدد نظام ہماری کائنات میں موجود ہیں مگر وہ عموماً اتنے بڑے نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تینوں ستارے بہت بڑے ہیں اور ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔
جو 2 ستارے ایک دوسرے کے گرد چکر لگارہے ہیں وہ اس نظام کے وسط میں موجود ہیں اور ان کا حجم سورج سے 12 گنا زیادہ ہے۔
اسی طرح تیسرے ستارے کا حجم سورج سے 16 گنا زیادہ ہے یعنی وہ دونوں ستاروں سے بڑا ہے۔
ستاروں کا جوڑا ایک دوسرے کے گرد ایک چکر ایک دن میں مکمل کرلیتا ہے جبکہ یہ دونوں ستارے ہر سال 6 بار تیسرے کے نزدیک آتے ہیں۔
یہ واقعی بہت زیادہ رفتار ہے کیونکہ تینوں ستاروں کا حجم بہت زیادہ ہے۔
سائنسدانوں کے خیال میں یہ نظام درحقیقت 4 ستاروں پر مشتمل تھا جس میں ایک جوڑا آپس میں مدغم ہوگیا اور اس طرح ایک بہت بڑا ستارہ وجود میں آیا۔
3 ستاروں کے اس نظام کو سائنسدانوں نے ٹی آئی سی 470710327 کا نام دیا ہے۔