حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتیں چیف جسٹس پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتی ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔
حکمران جماعت کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ` قرین انصاف ہوگا کہ عدالت عظمیٰ کے تمام معزز جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ ، سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کرکے اس پر فیصلہ صادر کرے کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔‘
حکمراں جماعت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ `اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کی بھاری قیمت قومی معیشت دیوالیہ پن کے خطرات اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت ادا کر رہے ہیں۔ عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہا ہے جس کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔‘
حکمران اتحاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پرہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
` آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔‘