مینگورہ سوات کی وادی کی قدرتی خوبصورتی ہر جانب کوڑا کرکٹ اور گندگی کی بہتات سے ماند پڑتی جا رہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے سوات کے قدرتی حسن کو نکھارنے کا بیڑا اٹھایا اور تمام ٹی ایم ایز کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کیا۔ تجاوزات کے خلاف مہم کو صرف شروع ہی نہیں کیا بلکہ بااثر افراد کے دباؤ کے سامنے ڈٹ کر چکدرہ سے کالام تک عملی اقدامات اٹھائے۔ آج مینگورہ بائی پاس روڈ ہو یا بحرین کے قرب و جوار میں دریائے سوات کا کنارہ، تمام تجاوزات ہٹائی جا چکی ہیں اور مٹہ، چار باغ، خوازہ خیلہ، بری کوٹ سمیت ہر جانب یہ مہم جاری و ساری ہے۔ دریائے سوات سے غیرقانونی ریت و بجری نکالنے والے مافیا کا راستہ بھی پوری انتظامی مشینری کی مدد سے روکا جا رہا ہے
ان تمام اقدامات کے ساتھ ساتھ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ عید الاضحی کے بعد جانوروں کی آلائشوں اور گندگی کو بروقت صاف کیا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے کے عوام اور سیاحوں کو پہلی مرتبہ وادی سوات میں تعفن اور گندگی سے پاک صاف ستھرا ماحول میسر آ رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی ان خدمات کا سوات کے کاروباری حلقوں کی جانب سے بھی زبردست خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ سیدو شریف میں واقع سوات کے سب سے بہترین شاپنگ مال “سوات امپوریم” کی انتظامیہ نے بھی ڈپٹی کمشنر سوات کے مشن کے شانہ بشانہ چلنے کا عزم کرتے ہوئے شاپنگ مال کے پارکنگ ایریا کو خوبصورت اور پرفضا شکل دی ہے۔ اور صفائی کا بہترین انتظام کرتے ہوئے اس کا کریڈٹ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کو دیا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں سوات امپوریم انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سوات کو صاف ستھرا اور گندگی سے پاک بنانے کے ڈپٹی کمشنر جنید خان کے مشن میں ہم شانہ بشانہ ساتھ ہیں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے شاپنگ مال میں موجود سوات کیش اینڈ کیری پلس، مشہور برانڈ Engine اور YouMe Styles کے معزز کسٹمرز کو بہترین، صاف ستھرا، پرسکون ماحول ہمیشہ میسر رہے گا۔
سوات امپوریم انتظامیہ کی طرح دیگر کاروباری اور سماجی حلقے بھی سوات کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہ رہے ہیں۔