سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن جسٹس فائز عیسیٰ اور وکلا تنظیموں کے اعتراضات کے باوجود سپریم کورٹ میں نئے ججوں کی تقرری کے معاملے پر غور کے لیے سپریم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 جولائی کو منعقد ہو رہا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں سپریم کورٹ میں چار ججز کی تعیناتی کے لیے ناموں پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان کی سپریم کورٹ کے کل ججوں کی تعداد 17 ہے جو نواز شریف کی وزارت عظمی کے دوسرے دور میں طے کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک جج مقرر کرنے کی گنجائش ہے اور یہ تقرر اس وقت کیا جاتا ہے جب سپریم کورٹ میں کام کا دباؤ زیادہ ہو اور مقدمات کو نمٹانے کیلیے اضافی ججوں کی ضرورت ہو۔
ان ججوں کی تقرری کا فیصلہ کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی تعداد نو ہے جن میں اس وقت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج جسٹس سرمد جلال عثمانی، اٹارنی جنرل، وزیر قانون اور پاکستان بار کونسل کا ایک نمائندہ بھی اس کمیشن کے رُکن ہیں۔